نئی دہلی،25؍ مئی (ایس او نیوز؍یواین آئی) دہلی پولیس نے بھارتیہ جنتاپارٹی کے ترجمان سمبت پاترا کے ٹویٹ پر مین پولیٹڈ میڈیا کا ٹیگ لگانے کے تعلق سے ٹویٹرکو نوٹس بھیجاہے۔
دہلی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے آج بتایا کہ پولیس نے ٹویٹر سے پوچھا ہے کہ ان کے پاس ایسی کون سے معلومات ہیں جن کی بنیاد پر مسٹر پاترا کے ٹویٹ کو مین پولیٹڈ بتارہے ہیں۔ اس معاملے میں دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے ٹویٹر کونوٹس جاری کیا ہے۔
دہلی پولیس نے ٹویٹر سے پوچھا ہے کہ لگتا ہے آپ کو ٹول کٹ کی حقیقت کاعلم ہے تبھی آپ کی طرف سے سنبت پاترا کے ٹویٹ کومین پولیٹڈ میڈیا کہا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ ٹویٹر نے مسٹر پاترا کے اس ٹویٹ کوٹوڑمروڑ کر پیش کیا گیا قراردیا ہے، جس میں انہوں نے مبینہ طورپر الزام لگایا تھا کہ کانگریس نے مودی حکومت کونشانہ بنانے کے لئے ایک ٹول کٹ تیارکیا تھا۔ وہیں کانگریس بی جے پی کے ذریعہ جاری ٹول کٹ کے دستاویز کو فرضی قراردیتے ہوئے مسٹر پاتراسمیت کئی رہنماوں کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔